بھٹکل 14؍اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل سے قریب ۳۰ کلو میٹر دور ہوناور تعلقہ کے منکی قصبہ میں نوائط اسپورٹس ایسوسی ایشن(این یس اے) منکی کی جانب سے بین المساجد منکی کے مابین قرأت و نعتیہ مقابلہ منعقد ہوا جس میں اول ، دوم اور سوم آنے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام میں رمضان کی اہمیت اور فضیلت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
قرات و نعتیہ مقابلہ میں منکی کی 10 مساجد کی جانب سے نمائندگی ہوئی۔ قرات مقابلہ میں صرف عصری اسکولوں کے طلبہ کو شریک کیا گیا تھا البتہ نعتیہ مقابلہ میں مدرسےکے طلباء بھی شریک رہے۔
مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوئ نے رمضان کی آمدپر اہم خطاب فرمایا ۔
حافظ احمد بن نصراللہ فکردی کی قرأت سے پروگرام کا آغاز ہوا تھا۔نواس بن نورالحسن کٹنگری نے نعت پاک پیش کی،مولانا مذکر کٹنگری ندوی نے جلسہ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا،مولوی تعظیم قاضی ندوئ نے قرأت مقابلہ کے شرائط و ضوابط کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ مناجات بھی پیش کی، جبکہ پروگرام کی نظامت بھی مولانا مدثر کنچار ندوئ کے ساتھ تعظیم قاضی نے ہی سنبھالی تھی۔علی،فارس،حسنین اور انس نے NSA کا ترانہ پیش کیا۔رائد قاضی اور فیحان قاضی نے اپنی مترنم آواز میں الگ الگ نعتیں پیش کیں۔ پروگرام کی صدرات نوائط اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر جناب حسن باپو حسن باپا صاحب نے کی اورمولوی عکاشہ سکری کے کلمات تشکر پر پروگرام اختتام کو پہنچا۔
قرأت مقابلہ میں ماہر بن شریف مختصر (اوّل)، یوسف بن زکریا کڑپاڑی(دوّم) اورحمزہ بن ساجد مختصر(سوّم) کے ساتھ نعتیہ مقابلہ میں نُظیف بن نور حاجیکا(اوّل) ، شیحان بن مولانا شکیل ابوحسینا(دوّم) اور اکمل بن ابومحمد ساوڑا(سوّم) کو انعامات سے نوازا گیا۔ان کے ساتھ ساتھ دیگر تمام مساہمین کو تشجیعی انعامات سے نوازا گیا۔
